پاکستان سے لندن کے لیے پی آئی اے کا براہِ راست فلائٹ آپریشن 6 سال بعد بحال
اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پاکستان سے لندن کے لیے براہِ راست فلائٹ آپریشن 6 سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی ایئرلائن کے مطابق لندن کے لیے پروازوں کا آغاز 29 مارچ سے اسلام آباد جبکہ 30 مارچ سے لاہور سے کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو براہِ راست سفری سہولت میسر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق فلائٹ آپریشن کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک میں بھی وسعت آئے گی۔ طویل عرصے بعد لندن کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کو قومی ایئرلائن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔


