سیشن کورٹ میں فائرنگ کا واقعہ، ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لے لیا

لاہور(بولونیوز)سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ کے واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ موقع پر ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم، ایس پی سکیورٹی ڈاکٹر عمر اور ایس پی سٹی موجود رہے اور صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ندیم ولد عبدالعزیز نے عدالت کے باہر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سعد ولد اظہر کو تین گولیاں لگیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، زخمی کو فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے دوران راہگیر عثمان بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

پنجاب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم ندیم کو موقع سے گرفتار کر لیا، جس کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ سعد قتل کے ایک مقدمے میں ضمانت پر عدالت پیشی کے لیے آیا تھا، جبکہ ملزم ندیم مبینہ طور پر مدعی مقدمہ کے ایما پر حملہ آور ہوا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے، سیکیورٹی میں ممکنہ خامیوں کی نشاندہی اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایات جاری کیں۔ عدالتی احاطے کی سیکیورٹی فوری طور پر مزید سخت کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور سیکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، جبکہ اسلحہ عدالت تک کیسے پہنچا، اس حوالے سے بھی جامع تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عدالتوں سمیت حساس مقامات کی سیکیورٹی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *