ایم کیو ایم کا موقف، گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ مکمل حمایت، بلدیاتی اختیارات پر زور
کراچی(بولونیوز) ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ وہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے سڑکوں پر آنا پڑا تو اس سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔
پارٹی رہنما سید مصطفی کمال نے کہا کہ شہر کی انتظامیہ اکثر چھٹیوں میں اپنے آبائی علاقوں میں چلی جاتی ہے، جس سے ہنگامی حالات میں شہر میں غیر موجودگی افراتفری اور بد امنی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ہی پاکستان کو بچا سکتے ہیں اور ایم کیو ایم پیشہ ور سیاستدانوں کی جماعت نہیں بلکہ عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔
سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ آج کی دنیا نے دیکھا کہ جنگوں کے دوران سول ایڈمنسٹریشن فوج کے ساتھ متحرک ہوتی ہے، لیکن پاکستان کا موجودہ نظام صرف چار وزرائے اعلیٰ کے پاس مرکوز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 400 شہر ہیں جنہیں موجودہ نظام کے ذریعے گورن کرنا ناممکن ہے، اور توانائی کے بحران کو قابو پانا بھی مقامی نمائندوں کے ذریعے ممکن نہیں، جو کہ پاکستان کا نیشنل سیکورٹی ایشو بن چکا ہے۔
رہنما نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ کے حالات میں ایم کیو ایم کی تجویز کردہ آئینی ترمیم ماضی سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے تاکہ شہر اور ملک کی انتظامیہ بہتر اور مؤثر انداز میں کام کر سکے۔


