افواجِ پاکستان نے32 مربع کلومیٹرزمین پرسرحدی باڑ مکمل کرلی
اسلام آباد(بولونیوز)افواجِ پاکستان نے ایک اہم سیکیورٹی اقدام کے تحت افغان طالبان سے قبضے میں لی گئی 32 مربع کلومیٹر اراضی پر سرحدی باڑ نصب کر کے اسے ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ علاقہ ماضی میں غیر قانونی نقل و حرکت اور دراندازی کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ افواجِ پاکستان نے مؤثر حکمتِ عملی اور بروقت کارروائی کے ذریعے مذکورہ زمین کا کنٹرول حاصل کیا اور بعد ازاں وہاں باڑ لگانے کا عمل مکمل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی باڑ کی تنصیب سے نہ صرف ملکی سرحدوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے بلکہ غیر قانونی آمد و رفت، اسمگلنگ اور دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق ہے اور مستقبل میں بھی سرحدی علاقوں میں نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔


