سندھ ہائیکورٹ کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا حکم،4 ہفتوں میں مسماری کی ہدایت
کراچی(بولونیوز)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی ڈویژن بینچ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ وہ چار ہفتوں کے اندر پارکنگ ایریا میں کی گئی تمام غیر قانونی تعمیرات فوری طور پر مسمار کرے۔
یہ حکم پٹیشنر فرحان کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر جاری کیا گیا۔ سماعت کے دوران پٹیشنر کے وکیل لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ غلام مرتضیٰ نامی شخص انارکلی سینٹر، فیڈرل بی ایریا بلاک 7 کراچی کے گراؤنڈ فلور پر واقع دو دکانوں میں ’’مرتضیٰ پکوان‘‘ کے نام سے کاروبار کرتا ہے۔ وکیل کے مطابق مذکورہ شخص نے دکانیں خریدنے کے بعد عقب میں موجود گاڑیوں کی پارکنگ میں غیر قانونی تعمیرات کر کے قبضہ شروع کر دیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے ایس بی سی اے پورٹل پر شکایت درج کی گئی اور 3 فروری 2026 کو ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کو تحریری درخواست بھی دی گئی، جس پر ابتدائی کارروائی کے بعد مبینہ طور پر رشوت لے کر کارروائی روک دی گئی۔ درخواست کے ساتھ تصاویر اور نوٹسز بھی منسلک کیے گئے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایس بی سی اے کو واضح حکم دیا کہ چار ہفتوں کے اندر پارکنگ ایریا سے غیر قانونی تعمیرات ختم کی جائیں اور فیصلے کی کاپی فوری طور پر ڈی جی ایس بی سی اے کو ارسال کی جائے، جس کے بعد پٹیشن نمٹا دی گئی۔


