رمضان المبارک کا چوتھا جمعہ: لاہور میں ہائی الرٹ، مساجد اور اہم مقامات پر سخت سکیورٹی

لاہور(بولونیوز) رمضان المبارک کے چوتھے جمعے کے موقع پر شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر 5 ہزار سے زائد افسران و جوان مساجد اور حساس مقامات پر تعینات ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق حساس مساجد اور اہم مقامات کے ارد گرد بیرئیرز، خاردار تاریں اور خصوصی ناکہ بندی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ مساجد کے داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے اور بغیر تلاشی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیصل کامران نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مساجد کے اطراف ریڑھیوں اور غیر ضروری پارکنگ پر پابندی ہے، اہلکار بلٹ پروف جیکٹس پہن کر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اور مکمل الرٹ رہیں گے۔ حساس مساجد کی روف ٹاپ نگرانی کے لیے سنائپر اور اسپاٹ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

سیف سٹی کیمروں اور موبائل پٹرولنگ کے ذریعے شہر کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور مساجد کے ارد گرد سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی کئے جا رہے ہیں۔

یومِ القدس کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلیوں کے لیے بھی جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، جس میں 1055 افسران و جوان شرکاء کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ ریلی میں شامل ہونے والوں کو صرف مقررہ داخلی راستوں کے ذریعے داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ تمام روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں اور ڈرونز پر مکمل پابندی ہوگی۔

ریلیوں کے روٹس پر پٹرولنگ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مساجد کی چیکنگ میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *