کراچی میں ہائی الرٹ نافذ، حساس مقامات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی مزید سخت
کراچی(بولونیوز)ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر کراچی میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر بھر میں حساس مقامات اور اہم سرکاری و نجی عمارات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے، اسنیپ چیکنگ کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور پولیس گشت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہم سرکاری دفاتر، غیر ملکی قونصل خانوں، مذہبی مقامات، تعلیمی اداروں، تجارتی مراکز اور عوامی اجتماع کی جگہوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور سادہ لباس اہلکار بھی متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق شہر میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنا دی گئی ہے، جبکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ تمام متعلقہ تھانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مسلسل گشت اور نگرانی یقینی بنائیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات احتیاطی بنیادوں پر کیے گئے ہیں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


