امریکی بحری بیڑہ جیرالڈ فورڈ یونان سے اسرائیل روانہ ہوگیا
واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکا کا سب سے بڑا بحری بیڑہ جیرالڈ فورڈ یونانی جزیرے کریٹ سے اسرائیل کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔بحری بیڑہ جیرالڈ فورڈ اسرائیل کی بندرگاہ حیفا کی جانب سفر کر رہا ہے اور آج اسرائیلی بندرگاہ پر پہنچ جائے گا۔
امریکی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکا اپنے 12 ایف 22 لڑاکا طیارے بھی اسرائیل بھیج چکا ہے، امریکا نے پہلی بار اسرائیل میں اپنے لڑاکا طیاروں کو تعینات کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اور پنٹاگون نے امریکی لڑاکا طیاروں کی اسرائیل میں تعیناتی کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی، صدر ٹرمپ نے 19 فروری کو ایران کو معاہدہ کرنے کے لیے 10 سے 15 روز دیے تھے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا سے بات چیت اچھی رہی اور دونوں ملک ممکنہ معاہدے کے قریب ہیں۔


