احسن ناغڑ کا اظہارِ یکجہتی: پاک فوج کا “آپریشن غصبُ الحق” قومی سلامتی کی مضبوط ضمانت
اسلام آباد(بولونیوز) استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے پاک فوج کی جانب سے سرحدی سلامتی اور قومی دفاع کے لیے شروع کیے گئے “آپریشن غصبُ الحق” کو پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔
چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سرحد پار سے دہشت گردی، دراندازی یا پاکستان مخالف عناصر کی سرپرستی کی جاتی ہے تو ریاست کو اپنے دفاع میں مؤثر، قانونی اور متناسب اقدامات اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔
محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ یہ آپریشن کسی عوام یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہے جو خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر کمزوری نہیں دکھائے گا، اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ سفارتی سطح پر بھی مؤثر اقدامات کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں اور منفی پروپیگنڈے سے گریز کریں، ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہماری قوت اور فخر کی علامت ہیں، اور پوری قوم اپنی بہادر فوج اور قیادت کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ہر اندرونی و بیرونی خطرے کا متحد ہو کر مقابلہ کیا جا سکے۔


