حکومت کا سوشل میڈیا فائروال منصوبہ ناکام، مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز)حکومتِ پاکستان نے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے نصب کیا گیا فائروال منصوبہ مطلوبہ نتائج نہ دینے کے باعث مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ فائیو جی اسپیکٹرم کی متوقع نیلامی سے قبل انٹرنیٹ نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 2024 میں شروع کیے گئے اس فائروال منصوبے کو تکنیکی مسائل کا سامنا رہا، جس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی اور صارفین کو شدید مشکلات پیش آئیں۔ فائروال کے باعث ڈیجیٹل معیشت، بالخصوص فری لانسرز اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ مجموعی طور پر اربوں روپے کے معاشی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے قبل نیٹ ورک کی بہتری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ضروری تھا، اسی تناظر میں فائروال منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق آئندہ انٹرنیٹ سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل شعبے کے فروغ کے لیے متبادل حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔


