پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے ممنوعہ اسمگل شدہ اشیاء کو نذرِ آتش کرنے کی تقریب
گوادر(بولونیوز)پاکستان کوسٹ گارڈز نے حسن شاہ مزار کے قریب ممنوعہ اسمگل شدہ اشیاء کو جلانے کی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں عسکری اور سول افسران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا بنیادی مقصد اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں اس ناسور کے خلاف آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ایک اہم اور قابلِ فخر فورس کے طور پر ملک دشمن عناصر، بالخصوص اسمگلنگ، منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف مؤثر اور مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے نذرِ آتش کی جانے والی ممنوعہ اشیاء میں 9720 کلوگرام چھالیہ، 31313 کلوگرام پیکٹ انڈین گٹکا، 450 کلوگرام نسوار، 10250 کلوگرام چائنا سالٹ، 6655 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ، 5259 کلوگرام کتھا اور گوڑاکو، 90 کلوگرام پوست کے بیج اور مختلف ممنوعہ ادویات شامل تھیں۔ ان اشیاء کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً 123 ملین روپے بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر سال مختلف مواقع پر ایسی تقریبات منعقد کرتی ہے تاکہ اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف عوامی شعور بیدار کیا جا سکے۔ فورس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل رہے گی اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


