میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز میں فنڈز میں مبینہ خرد برد کا انکشاف
کراچی(بولونیوز) کے ایم سی کے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق، مئی اور جون 2025 میں سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے لیے خریدی گئی مشینری اسپتال تک نہیں پہنچ سکی، حالانکہ خریداری کے کاغذات میں اس کا اندراج کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹھیکیداروں کو مشینری کے عوض 50 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ مئی 2025 میں آپریشن تھیٹر کے آلات کی خریداری کے لیے 8 لاکھ روپے ادا کیے گئے، جبکہ جون 2025 میں آپریشن ٹیبل اور ڈائی تھرمی ماڈل مشین کی مد میں 44 لاکھ 50 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی، مگر یہ آلات بھی اسپتال کو فراہم نہیں کیے گئے۔
اسی طرح، عباسی شہید اسپتال کی خراب ایم آر آئی مشین کی مرمت اور آلات کی خریداری کے لیے 1 کروڑ 83 لاکھ روپے جاری کیے گئے، لیکن ادائیگی کے باوجود ایم آر آئی مشین اب بھی خراب حالت میں ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ فنڈز اور خریداری کے عمل میں شفافیت نہ ہونے کی وجہ سے مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، اور متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔


