بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا معائنہ، ماہر ڈاکٹروں کو اجازت نہ مل سکی
اسلام آباد(بولونیوز)بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی آنکھ کے معائنے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم تجویز کردہ ماہر ڈاکٹروں کو معائنے کی اجازت نہ مل سکی۔
ذرائع کے مطابق شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے ریٹینا کے تین ماہرین کے نام تجویز کیے تھے، مگر ان میں سے کسی کو بھی معائنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے یہ نام سلمان اکرم راجہ کو فراہم کیے تھے۔
تجویز کردہ ماہرین میں الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹر عامر اعوان، میجر جنرل (ر) مظہر اسحاق اور آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی کے سربراہ میجر جنرل وقار مظہر شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ماہرین کے بجائے الشفاء انٹرنیشنل کے ڈاکٹر ندیم قریشی کو معائنے کے لیے بھیجا گیا، جن کے ہمراہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف بھی موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت نہ ملنے پر الشفاء کے ڈاکٹر کو روانہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو پہلا انجکشن 25 جنوری کو لگایا گیا تھا، جبکہ دوسرا انجکشن 25 فروری کو شیڈول ہے۔ تاحال یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ دوسرا انجکشن جیل میں لگایا جائے گا یا انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا۔


