مسجد اقصیٰ میں رمضان کی پہلی تراویح، ہزاروں نمازیوں کی تاریخی حاضری

یروشلم(بولونیوز)مقبوضہ مشرقی یروشلم میں اسرائیلی پابندیوں اور سیکیورٹی رکاوٹوں کے باوجود دسیوں ہزار مسلمان نے رمضان المبارک کی پہلی تراویح ادا کرنے کے لیے مسجد اقصیٰ کا رخ کیا۔

چاند نظر آنے کے اعلان کے ساتھ ہی عقیدت مندوں نے قبلۂ اول کی جانب اپنے قدم بڑھائے اور رات گئے تک مسجد کا احاطہ عبادت گزاروں سے بھرا رہا۔ نمازی گلیوں، دروازوں اور سیکیورٹی چوکیوں سے گزرتے ہوئے اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔

مسجد کے اندر صفیں در صفیں بندھ گئیں، جبکہ قبۃ الصخرہ کے اطراف بھی عبادت گزاروں کا ہجوم رہا۔ نماز عشاء اور تراویح کی امامت امام و خطیب شیخ یوسف ابو سنینہ نے کی، ہر سجدہ صبر، استقامت اور امید کی علامت بن گیا۔

پہلی تراویح کی رات آنسوؤں، دعاؤں اور روحانی کیفیت کا سنگم ثابت ہوئی۔ اگرچہ جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے، مگر غزہ کے زخم اور مغربی کنارہ میں جاری کارروائیوں نے فضا کو سوگوار رکھا، ایسے حالات میں رمضان کی آمد اہلِ فلسطین کے لیے حوصلے اور امید کا پیغام لے کر آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *