دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق اعلانات موصول ہونا شروع
سعودی عرب(بولونیوز)دنیا بھر میں رمضان المبارک 2026 کے چاند سے متعلق اعلانات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے مطابق مختلف ممالک میں روزے کے آغاز کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد سعودی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں پہلا روزہ بروز بدھ رکھا جائے گا۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق وسطی ایشیا کے چار ممالک آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث وہاں رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے شروع ہوگا۔
اسی طرح انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی نے بھی سرکاری سطح پر اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام چاند نظر نہ آنے کے باعث پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو ہوگا۔
آسٹریلیا میں آسٹریلوی فتویٰ کونسل نے مفتیٔ اعظم ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد کی سربراہی میں اعلان کیا ہے کہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری 2026 کو رکھا جائے گا۔
عمان خلیج تعاون کونسل کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اعلان کیا کہ بدھ 18 فروری شعبان کا آخری دن ہوگا اور جمعرات 19 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ عمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مفتی کہلان بن نبهان الخروصی کے مطابق یہ فیصلہ مذہبی اور سائنسی اصولوں کی روشنی میں کیا گیا۔
فرانس میں فرانس کی کونسل آف مسلم فیتھ نے فلکیاتی شواہد کی بنیاد پر اعلان کیا کہ رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے شروع ہوگا۔
اسی طرح ترکیہ کے مذہبی امور کے ادارے دیانت نے بھی اعلان کیا ہے کہ بدھ کی شام پہلی تراویح ادا کی جائے گی اور پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔
سنگاپور کی اسلامی مذہبی کونسل کے مطابق بھی فلکیاتی شواہد کی بنیاد پر رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 19 فروری سے ہوگا۔
ان اعلانات کے مطابق دنیا کے بڑے حصے میں رمضان المبارک 2026 کا آغاز ایک ہی دن، یعنی 19 فروری سے ہو رہا ہے، جس سے عالمِ اسلام میں اس سال رمضان کے آغاز میں نمایاں یکسانیت دیکھنے میں آ رہی ہے۔


