بارش نے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، زمبابوے سپر 8 میں، کینگروز ورلڈکپ سے باہر
زمبابوے(بولونیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان شیڈول 32واں میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا، جس کے نتیجے میں زمبابوے ایک پوائنٹ حاصل کر کے سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا، جبکہ آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
یہ میچ آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان پالی کیلے میں کھیلا جانا تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
زمبابوے کو سپر 8 میں رسائی کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا، جو میچ منسوخی کے بعد اسے حاصل ہوگیا۔ گروپ بی میں زمبابوے کے تین میچز کے بعد پوائنٹس کی تعداد 5 ہوگئی۔ دوسری جانب آسٹریلیا تین میچوں میں صرف 2 پوائنٹس حاصل کر سکا اور اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
گروپ بی سے سری لنکا پہلے ہی سپر 8 مرحلے میں پہنچ چکا ہے، جس نے گزشتہ روز آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اس کے تین میچز کے بعد 6 پوائنٹس ہیں۔ اس سے قبل زمبابوے نے بھی بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 23 رنز سے ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 جیتنے کے بعد یہ مسلسل تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہے جس میں آسٹریلیا سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔


