بچے کی پیدائش پر والد کو رخصت نہ دینے پر اسٹیٹ بینک پر 5 لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے بچے کی پیدائش پر والد کو پیٹرنٹی رخصت نہ دینے کے معاملے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

فیصلے کے مطابق وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے حکم دیا ہے کہ جرمانے کی رقم میں سے 4 لاکھ روپے شکایت گزار افسر سید باسط علی کو ادا کیے جائیں، جبکہ اسٹیٹ بینک کو مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت دینے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔

وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (FOSPAH) نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی بنیاد پر ہراسمنٹ کے مترادف ہے۔ میٹرنٹی رخصت دینا اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی امتیاز کے زمرے میں آتا ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بچوں کی دیکھ بھال صرف خواتین کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار والدین کی مشترکہ ذمہ داری اور بچے کے بہترین مفاد کے خلاف ہے۔

وفاقی محتسب نے اسٹیٹ بینک کو میٹرنٹی و پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023ء کے تحت واضح پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے پہلے پالیسی موجود نہ ہونے کا جواز بنا کر سید باسط علی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *