پاکستان آرمی کا 9واں عالمی ٹیم اسپرٹ کمپیٹیشن کامیابی سے مکمل
کھاریاں(بولونیوز)پاکستان آرمی کے زیرِ اہتمام 9واں عالمی ٹیم اسپرٹ کمپیٹیشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ اختتامی تقریب کھاریاں میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب میں ملکی و غیر ملکی ٹیموں کے نمائندوں، سینئر فوجی افسران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ مقابلے میں مختلف ممالک کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی فٹنس اور ٹیم ورک کا اعلیٰ مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مقابلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور شریک ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے باہمی تعاون، اعتماد اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عالمی ٹیم اسپرٹ کمپیٹیشن کا مقصد مختلف افواج کے درمیان پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور ٹیم اسپرٹ کو فروغ دینا ہے۔


