لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری، بہتری کی جانب اہم پیش رفت

لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے دارالحکومت لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہری سہولیات کی مؤثر فراہمی، انتظامی دباؤ میں کمی اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

حکومتِ پنجاب کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے پایا کہ بسنت کے فوری بعد لاہور کی انتظامی ری اسٹرکچرنگ کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔ نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت دونوں اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور میونسپل نظام الگ الگ ہوگا، تاکہ شہری شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ “لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنا عوامی سہولت اور بہتر گورننس کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔ ٹریفک، تجاوزات اور بلدیاتی مسائل کا مستقل حل انتظامی ری اسٹرکچرنگ میں ہے۔ ہر فیصلہ عوام کی آسانی اور شفاف گورننس کو مدِنظر رکھ کر کیا جا رہا ہے۔”

نئی انتظامی تقسیم کے تحت ضلع لاہور کو 10 تحصیلوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ہربنس پورہ کو تحصیل شالیمار میں شامل کر دیا گیا ہے۔

تحصیل شالیمار میں شامل علاقے:
باغبان پورہ، بیگم پورہ، بھوگیوال، کوٹ خواجہ سعید، کوٹلی غازی، مومن پورہ، مدوسن پورہ، محمود بوٹی، دیوی پورہ، قلعہ خزانہ، شادی پورہ، اچھنات گڑھ، فتح گڑھ، گھڑی شاہو، گنگ، چنڈیاں، ہربنس پورہ، قلعہ گجر سنگھ، کوٹلی پیر عبدالرحمٰن، سہواری، سلامت پورہ، تاج پورہ۔

وی او سی اردو کا تبصرہ
لاہور کی تقسیم محض ایک انتظامی اقدام نہیں بلکہ شہری زندگی میں بہتری، تیز رفتار سروس ڈیلیوری اور دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ ماضی گواہ ہے کہ بڑے شہر جب آبادی اور انتظامی دباؤ کے مطابق نئے ماڈلز اپناتے ہیں تو شہری سہولتوں اور ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *