سندھ میں 18 سالہ حکومت ناکام، نہ آگ بجھا سکے نہ بنیادی سہولیات دیں، مفتاح اسماعیل

کراچی(بولونیوز)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے طویل عرصے میں نہ تو یہ حکومت آگ جیسے حادثات پر قابو پا سکی اور نہ ہی شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کر سکی۔

گل پلازہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ اور ناظم آباد کے اطراف کہیں پانی نہیں، کہیں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، کہیں بجلی کا مسئلہ ہے اور بعض مقامات پر تینوں سہولیات ہی میسر نہیں ہوتیں۔

سابق وزیر خزانہ نے سوال اٹھایا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں یہ کام بروقت ہو جاتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پر شاید کوئی آفت یا آسیب ہے جس کے باعث یہاں بار بار حادثات ہوتے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، چند روز قبل الیکٹرانک ریگل مارکیٹ میں بھی آگ لگ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کبھی آگ لگ جاتی ہے، کبھی عمارتیں گر جاتی ہیں اور حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ ان کے مطابق یہ تمام واقعات حکمرانوں کی لاپرواہی، نااہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *