گل پلازہ آتشزدگی، عالمی برادری کا اظہارِ افسوس، متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی

کراچی(بولونیوز)کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر عالمی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ظاہر کی ہے۔ مختلف ممالک کے سفیروں اور عالمی رہنماؤں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے بیان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

روسی سفارتخانے نے پاکستان کو ایک دوست ملک قرار دیتے ہوئے آتشزدگی کے واقعے پر تعزیتی پیغام جاری کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ روسی سفارتخانے کی جانب سے حالیہ دیگر افسوسناک حادثات پر بھی تعزیت کی گئی۔

ترکیہ، ایران، فرانس اور اٹلی سمیت مختلف ممالک کے سفیروں اور رہنماؤں نے بھی اپنے تعزیتی پیغامات میں اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

عالمی سطح پر موصول ہونے والے ان تعزیتی پیغامات نے اس انسانی المیے کی شدت اور متاثرین کے کرب کو اجاگر کیا ہے، جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی برادری کو بھی گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *