نیو سبزی منڈی میں آتشزدگی، واٹر کارپوریشن کی جانب سے ایمرجنسی نافذ

کراچی(بولونیوز)نیو سبزی منڈی میں دکانوں اور گودام میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس کے بعد متعلقہ ادارے فوری طور پر حرکت میں آ گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

واٹر کارپوریشن کے سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ فائر بریگیڈ کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو اور فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

واٹر کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جا رہا ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *