متاثرہ حصہ زمین بوس، پلرز ٹیڑھے، جاں بحق افراد 26 اور 83 لاپتہ

کراچی(بولونیوز)گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آتش زدہ پلازہ کا ایک اور متاثرہ حصہ زمین بوس ہو گیا ہے جبکہ آگ کے اثرات کی وجہ سے گل پلازہ کے ساتھ والی عمارت بھی متاثر ہوئی اور اس کے پلرز ٹیڑھے ہو گئے ہیں۔

گل پلازہ کے ریسکیو آپریشن میں اہلکار جلی ہوئی عمارت کے بیشتر حصوں میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں سرچ اینڈ ریسکیو اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساوتھ آفس میں لاپتہ افراد کی فہرست آویزاں کر دی گئی ہے، اور 12 افراد کے اضافے کے بعد لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 83 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 29 افراد کی موبائل لوکیشن گل پلازہ کے اطراف سے آرہی ہے، جس سے امدادی کارروائی مزید مؤثر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

گل پلازہ کی ہولناک آتشزدگی میں اب تک 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 18 کی شناخت ہو چکی ہے۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سول اسپتال میں اپنا ڈیٹا اور ڈی این اے نمونے جمع کرائیں تاکہ تفتیش اور متاثرین کی شناخت کا عمل تیز کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن اور متاثرہ عمارتوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *