گھریلو ناچاقی پر فائرنگ، کمسن بچیوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق
کرک(بولونیوز)ضلع کرک کے علاقے صابرآباد غنڈی میرخان خیل میں گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک شخص نے اپنے ہی اہلِ خانہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کمسن بچیوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ملزم کی اہلیہ، بیٹی، بہن، دو بھائی اور ان کی بیویاں شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کرک منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں 50 سالہ ظفر اللہ، 48 سالہ خورشید، 40 اور 30 سالہ دو خواتین، 6 سالہ بچی اور 3 ماہ کی شیر خوار بچی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو تنازع پر ملزم فاروق عرف فاروقائے نے فائرنگ کی اور گرفتاری کے دوران پولیس پر بھی فائرنگ کرتا رہا۔ ڈی پی او کرک سعود خان کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ شہری حلقوں نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


