گوجرانوالہ میں گندم خردبرد اسکینڈل، اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی

گوجرانوالہ(بولونیوز)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گندم خردبرد کے بڑے اسکینڈل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے محکمہ فوڈ کے اشتہاری ملزم اسسٹنٹ عبدالشکور کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلی چالانوں کے ذریعے 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری گندم خردبرد کرنے کا الزام ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی زیر نگرانی اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویژن امجد شہزاد کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ مالی سال 2025ء کے دوران جعلی چالانوں کے ذریعے 1454.6 ٹن سرکاری گندم خردبرد کی گئی، جس کی مالیت 17 کروڑ 9 لاکھ 15 ہزار 500 روپے بنتی ہے۔

اینٹی کرپشن کی مکمل انکوائری کے بعد اس وقت کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد زمان، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ عبدالشکور، سینئر کلرک محمد شریف سمیت 11 سرکاری ملازمین اور متعدد فلور ملز مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں نامزد بیشتر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر کے جیل بھیجا جا چکا ہے، تاہم مرکزی ملزم اسسٹنٹ عبدالشکور طویل عرصے سے مفرور تھا اور اسے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

بعد ازاں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن امجد شہزاد نے جوڈیشل ایکشن کی منظوری دیتے ہوئے مرکزی ملزم کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا، جسے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک اصغر کی سربراہی میں ٹیم نے کامیابی سے انجام دیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ کیس میں ملوث دیگر کرداروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *