ناجائز تعلقات چھپانے کے لیے سوتیلی ماں نے سات سالہ بچی قتل کر دی
گوجرانوالہ(بولونیوز)تحصیل کامونکی کے علاقے حبیب پورہ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے داماد کے ساتھ ناجائز تعلقات کو چھپانے کے لیے اپنی سات سالہ سوتیلی بیٹی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نگینہ بی بی کے داماد عثمان کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ شوہر کی غیر موجودگی میں دونوں گھر میں موجود تھے کہ اسی دوران سات سالہ بچی زہرہ نے انہیں دیکھ لیا۔ راز فاش ہونے کے خوف سے مبینہ طور پر نگینہ بی بی اور عثمان نے بچی کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ملزمان نے بچی کی لاش کو چادر میں لپیٹ کر موٹر سائیکل کے ذریعے سیم نالہ راجہ بھلہ لے جا کر وہاں پھینک دیا۔
واقعے کے بعد جب ملزمہ کا شوہر گھر واپس آیا تو نگینہ بی بی نے ڈرامہ رچاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بچی گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گئی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے تفتیش شروع کی اور شبہ کی بنیاد پر داماد عثمان کو حراست میں لیا، جس نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا۔
عثمان کے انکشافات کے بعد پولیس نے ملزمہ نگینہ بی بی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سیم نالہ راجہ بھلہ میں سرچ آپریشن کیا جائے گا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


