اے وی ایل سی پولیس کی کارروائی، کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز) اے وی ایل سی کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شہر میں کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے مسروکہ گاڑی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد ولد علی محمد، رب نواز ولد حق نواز اور سمیر علی ولد اعجاز احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزم سمیر علی نے کراچی کے علاقے عزیز آباد سے تین روز قبل سوزوکی مہران کار چوری کی تھی، جبکہ ملزمان شاہد اور رب نواز کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد ہوئی جو کراچی کے علاقے کلاکوٹ کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ ممکنہ دیگر وارداتوں میں ان کی ملوثیت کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔


