کراچی زو کے قریب 24 انچ ڈایا لائن میں لیکیج، پانی کی فراہمی متاثر
کراچی(بولونیوز)زو گیٹ نمبر دو کے قریب 24 انچ قطر کی ڈایا لائن میں لیکیج کی نشاندہی کی گئی ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق لیکیج کے باعث پانی کے نظام کو محفوظ رکھنے کے لیے متاثرہ لائن پر پانی کا پریشر کم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لائن کی مرمت کے لیے ڈی واٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جو مکمل ہوتے ہی مرمتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام کل بروز منگل تک مکمل کر لیا جائے گا۔
مرمتی سرگرمیوں کے باعث گارڈن، اولڈ سٹی ایریا اور نشتر روڈ کے اطراف میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مرمت مکمل ہوتے ہی پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔


