عالمی امن انڈیکس 2025: افغانستان دوبارہ دنیا کے غیر محفوظ ترین ممالک میں شامل

اسلام آباد(ابولونیوز) معروف عالمی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (IEP) نے اپنی سالانہ گلوبل پیس انڈیکس رپورٹ 2025 جاری کر دی ہے، جس کے مطابق افغانستان ایک بار پھر دنیا کے غیر محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ طالبان حکومت کے زیرِ انتظام ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال میں مسلسل تنزلی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان 163 ممالک میں سے 158ویں نمبر پر آ گیا ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں بھی صورتحال کے مزید بگاڑ کی علامت ہے۔ آئی ای پی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کی مجموعی صورتحال میں 0.28 فیصد کمی ہوئی ہے، جو شدید اور مستقل سیکیورٹی بحران کو ظاہر کرتی ہے۔

گلوبل پیس انڈیکس میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان جنوبی ایشیا کا سب سے غیر محفوظ اور کمزور ملک بن چکا ہے، جہاں تقریباً تمام بنیادی امن اشاریوں میں بدترین کارکردگی سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں:

تشدد اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ

ہتھیاروں تک آسان رسائی

کمزور حکمرانی اور سیاسی عدم استحکام

بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی

نے مجموعی سیکیورٹی کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔

آئی ای پی کے مطابق افغانستان میں سرگرم مختلف دہشت گرد اور مسلح گروہ نہ صرف ملکی بلکہ پورے خطے کی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان گروہوں کو جدید ہتھیاروں تک وسیع رسائی حاصل ہے، جس سے علاقائی امن و استحکام مزید متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *