ڈمپر اور ٹینکر حادثات پر شوکت فاروقی کا اظہارِ تشویش،“ایک ہفتے میں چار جانیں ضائع ہو چکیں”

کراچی(بولونیوز)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شوکت فاروقی نے شہر میں ڈمپر اور ٹینکر حادثات میں ہونے والے جانی نقصان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف حادثات میں چار قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، مگر متعلقہ ادارے اور حکومت “خاموش تماشائی” بنی ہوئی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں شوکت فاروقی نے کہا کہ
“16 دسمبر کو ملیر کینٹ، 18 دسمبر کو نارتھ کراچی اور اب ایک اور خوفناک حادثہ… آخر ڈمپر مافیا کو لگام کیوں نہیں ڈالی جا رہی؟”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے بعض وزیروں اور مشیروں کے ڈمپر اور ٹینکر شہر میں چل رہے ہیں، اور اسی وجہ سے کارروائی نہیں ہو پاتی۔

“عوام جانتے ہیں کہ ان بھاری گاڑیوں کے اصل مالکان کون ہیں، لیکن کوئی ادارہ حرکت میں نہیں آ رہا۔ کراچی کے نوجوان روز مر رہے ہیں مگر قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔”

شوکت فاروقی نے یہ بھی کہا کہ مسلسل حادثات کے باعث شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور صورتحال اب تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔

“اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا، اور حالات مزید خراب بھی ہو سکتے ہیں۔”

فاروقی کا کہنا تھا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کی بے لگامی شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر مؤثر اقدامات کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *