مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 اسٹریٹ کریمنلز زخمی حالت میں گرفتار
کراچی(بولونیوز)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائی کے دوران متعدد اسٹریٹ کریمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کی حدود میں واقع ڈگری کالج، سیکٹر 11-I کے قریب معمول کے گشت پر موجود پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت شیر عالم ولد فیصل خان، محمد سعید عرف محمد ولد محمد یامین اور معصوم ولد سلیم کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، دو 30 بور پستول اور ایک 70 سی سی موٹر سائیکل برآمد کی۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ان ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی جمع کیا جا رہا ہے۔
ادھر ملیر، ریڑی روڈ احسان گراؤنڈ کے قریب قائدآباد میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر کے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اس طرح کی کارروائیاں جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت کے لیے جاری رکھی جائیں گی۔


