ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتقال کرگئیں
لندن(بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتقال کر گئی ہیں۔ مرحومہ طویل عرصے سے شدید مالی مشکلات اور بیماری کے باعث انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور تھیں۔
ذرائع کے مطابق شمائلہ فاروق گلے کے اسٹیج فور کینسر میں مبتلا تھیں، جس کے باعث وہ بولنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہو چکی تھیں۔ طبی کمزوری کے باعث چند روز قبل وہ لندن کے ایک ریلوے اسٹیشن پر گر پڑیں، جس کے بعد اسپتال کے عملے نے انہیں وہیل چیئر کے ذریعے گائز اسپتال منتقل کیا تھا۔
طویل علالت کے بعد شمائلہ فاروق دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں۔
ڈاکٹر عمران فاروق 2010 میں لندن میں قتل کیے گئے تھے، جس کے بعد ان کی فیملی شدید معاشی اور سماجی مشکلات کا شکار رہی۔ شمائلہ فاروق کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


