پی آئی اے کی متوقع نجکاری کے خلاف درخواست مسترد، سپریم کورٹ سے رجوع کا اعلان
کراچی(بولونیوز) سندھ ہائی کورٹ نے پی آئی اے کی متوقع نجکاری کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا، جس پر سابق لاء آفیسر پی آئی اے جاوید اقبال نے عدالتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
درخواست گزار جاوید اقبال نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سنے بغیر ان کی درخواست کو مسترد کیا گیا، جو انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وہ جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر پی آئی اے کی نجکاری نہیں کی جا سکتی، اس لیے نجکاری کا عمل روکا جائے۔ درخواست گزار کے مطابق پی آئی اے کے اثاثوں کی قیمت کا تخمینہ جان بوجھ کر بہت کم لگایا جا رہا ہے، جو قومی ادارے کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ 2016 میں بھی پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کی کوشش کی گئی تھی اور موجودہ نجکاری کا عمل غیر قانونی اور غیر آئینی ہے لہٰذا عدالت اسے کالعدم قرار دے۔
عدالت کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد معاملہ اب سپریم کورٹ میں جانے کی طرف بڑھ رہا ہے۔


