نئے صوبوں کی تشکیل کا فائدہ عوام اور سیاسی جماعتوں دونوں کو ہوگا، عبدالعلیم خان

لاہور(بولونیوز)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم عوامی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ میں تین صوبے بنائے جائیں تو اس سے نہ صرف وہاں کی عوام کو سہولت ملے گی بلکہ صوبے کی حکمراں جماعت بھی تین وزرائے اعلیٰ نامزد کر سکے گی، جس سے انتظامی ڈھانچہ مضبوط اور ترقی کا عمل تیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی حکومت تین صوبوں میں ترقی کا یکساں دور شروع کرنے کی اہل ہو جائے گی، ساتھ ہی تین نئے آئی جیز، چیف سیکریٹریز اور ہائیکورٹس کے قیام سے انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی۔

آئی پی پی کے صدر نے مزید کہا کہ اسی طرح پنجاب کو بھی تین یا چار نئے صوبوں میں تقسیم کرنے سے فائدہ ہوگا۔ اس عمل سے وہاں کی سیاسی جماعت مزید وزرائے اعلیٰ کے انتخاب کا موقع حاصل کرے گی اور مقامی سطح پر گورننس بہتر ہوسکے گی۔

عبدالعلیم خان نے مؤقف اختیار کیا کہ بڑے صوبوں کی تقسیم ہی مسائل کے حل اور عوام تک اختیارات کی منتقلی کا واحد مؤثر راستہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *