انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ سندھ کا پیغام
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں مساوات، عدل اور بنیادی انسانی حقوق کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق روزمرہ زندگی کا بنیادی حصہ ہیں اور انہیں یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت فلاحِ عامہ، شفافیت اور مساوات کو اپنا بنیادی عزم سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقوقِ انسانی کو عملی شکل دینا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بچوں، خواتین، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ سماجی انصاف اور شفافیت کے عزم کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
تعلیم اور صحت کے شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کی گئی ہیں۔ سرکاری اسکولوں کے انفراسٹرکچر کی مضبوطی، اساتذہ کی تربیت اور حاضری نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں STEAM اور جدید تعلیمی ماڈلز کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سماجی تحفظ پروگراموں کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کی معاونت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور پانی کی فراہمی کے جاری منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ای گورننس کے ذریعے شکایات کے ازالے کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ ماحولیات اور شہری صفائی سے متعلق منصوبوں میں بھی بتدریج پیشرفت جاری ہے۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید ادارہ جاتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔


