آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی نئی قسط کی منظوری دے دی

اسلام آباد(بولونیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی نئی قسط کی منظوری دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا، جس میں پاکستان کے لیے تقریباً 1.3 ارب ڈالر کے اجرا کی منظوری دی گئی۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ رقم سات ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت قرض کی تیسری قسط کے طور پر دی جارہی ہے، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد رقم ملے گی۔

ذرائع کے مطابق 1.3 ارب ڈالر کی منظوری کے بعد 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی پہلی قسط بھی پاکستان کو موصول ہوگی، جس سے دونوں قرض پروگراموں کے تحت پاکستان کو حاصل ہونے والی مجموعی رقم 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کی دو اقساط پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے دوسرے اقتصادی جائزے کی بھی منظوری دے دی۔ آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر عمل درآمد کو مضبوط قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کو سراہا ہے۔

پاکستان کے لیے ای ایف ایف پروگرام کی یہ تیسری قسط منظور ہوئی ہے۔ پاکستان نے 37 ماہ پر مشتمل موجودہ قرض پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا۔ اس پروگرام کی پہلی ایک ارب ڈالر کی قسط ستمبر 2024 میں جبکہ دوسری قسط مئی 2025 میں جاری کی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *