اسراء اسپتال کی مبینہ غفلت: ڈینگی کے مریض کی ہلاکت پر اہلِ خانہ کا احتجاج

حیدرآباد(بولونیوز)جامشورو کے رہائشی عبدالجبار لاشاری نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسراء (نجی) اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔

عبدالجبار لاشاری کے مطابق ان کے اٹھارہ سالہ بیٹے مراد علی لاشاری کو ڈینگی بخار کے باعث 29 نومبر کو اسراء اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم اسپتال میں ناکافی سہولیات اور عدم توجہی کے باعث مریض کی حالت بگڑتی گئی اور بالآخر 2 دسمبر کو وہ انتقال کر گیا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر لاش دینے سے انکار کیا اور صرف 63 ہزار روپے کا بل ادا کرنے کے بعد ہی میت ان کے حوالے کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسپتال کے افسران اور سیکیورٹی گارڈز نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

عبدالجبار لاشاری اور دیگر رشتہ داروں نے مطالبہ کیا کہ:

اسراء اسپتال کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ سندھ اور صحت حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *