مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، پاکستان سے 64 پروازیں منسوخ
اسلام آباد(بولونیوز)مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق آج ملک کے 5 بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے مجموعی طور پر 64 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA)، ایئربلو، ایر عربیہ، ایران ایئر اور قطر ایئرویز کی پروازیں شامل ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ: سب سے زیادہ 20 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں ابوظہبی، کویت، جدہ، دمام، شارجہ، مدینہ، مسقط، ریاض، نجف، بحرین اور دبئی کے روٹس شامل ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ: 20 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں شارجہ، ابوظہبی، دبئی، بحرین، ریاض، دمام اور دوحہ کی پروازیں شامل ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ: مشرق وسطیٰ کے لیے 6 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں ابوظہبی اور دبئی کے روٹس شامل ہیں۔
پشاور ایئرپورٹ: دبئی، دوحہ، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے 8 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ملتان ایئرپورٹ: دبئی کے لیے 2 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 35 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2706 تک پہنچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں فضائی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


