اٹلی کے مسلسل تیسری بار فٹ بال ورلڈ کپ میں ناکامی پر بڑا استعفیٰ

اٹلی(بولونیوز)فٹ بال کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیموں میں شامل اٹلی کے مسلسل تیسری مرتبہ فٹ بال ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کر پانے پر بڑا استعفیٰ سامنے آ گیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اٹلی فٹ بال فیڈریشن کے صدر گیبریل گریوینا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کو پلے آف فائنل میں بوسنیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں اٹلی ایک بار پھر ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔

اس ناکامی کے بعد اٹلی کے سابق عالمی شہرت یافتہ گول کیپر جیان لوئیجی بفون نے بھی استعفیٰ دے دیا، جو اس وقت قومی ٹیم کے وفد کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

بفون، جو 2006 میں ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کا اہم حصہ تھے، کا کہنا تھا کہ ان کا بنیادی مقصد اٹلی کو دوبارہ ورلڈ کپ میں پہنچانا تھا، تاہم وہ اس ہدف میں کامیاب نہ ہو سکے۔

فٹ بال ماہرین کے مطابق اٹلی کی مسلسل ناکامی نے ملکی فٹ بال ڈھانچے پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *