سوئی سدرن گیس کے اعلان کے باوجود کراچی میں بدترین گیس لوڈ شیڈنگ، عوام شدید پریشان

کراچی(بولونیوز)سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلان کے برعکس کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے رات کے اوقات میں صرف چار گھنٹے گیس بندش کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم شہریوں کے مطابق دن بھر گھروں میں گیس دستیاب نہیں۔

متاثرہ علاقوں میں اسکیم 33، کورنگی، لانڈھی، ملیر، لائنز ایریا اور گلشنِ اقبال سمیت دیگر علاقے شامل ہیں، جہاں گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران گیس کی عدم دستیابی کے باعث سحری اور افطاری کی تیاری متاثر ہو رہی ہے، جبکہ بیمار افراد اور مریضوں کو بھی سخت پریشانی لاحق ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اعلان اور عملی صورتحال میں واضح تضاد ہے، جس کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کو اعلان کردہ شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ مقدس ماہِ رمضان میں عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *