سندھ ہائی کورٹ کاکراچی واٹر کارپوریشن پربرہمی کا اظہار، شہریوں کوپانی فراہم کرنے کا حکم
کراچی(بولونیوز) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی واٹر کارپوریشن کے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانا بنیادی حق ہے، اور میئر نے تو وعدہ کیا تھا کہ لائن کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے گا۔
عدالت نے یہ بات اورنگی ٹاؤن کے ایک شہری کی درخواست پر سماعت کے دوران کہی، جس میں شہری کے گھر پانی کی عدم فراہمی کے مسائل اٹھائے گئے تھے۔
کراچی واٹر کارپوریشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرانی لائنیں ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی پانی کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔ جس پر جسٹس عدنان کریم میمن نے ریمارکس دیے کہ “تو پھر لائنیں بناؤ، کچھ خرچ عوام پر بھی کرو۔”
سپرنٹنڈنٹ کراچی واٹر کارپوریشن نے عدالت کو بتایا کہ پیچھے سے پانی بہت کم مل رہا ہے۔ جسٹس عدنان کریم نے سوال کیا کہ “تو پھر ٹینکرز والے پانی کہاں سے لے کر پورے کراچی میں پہنچا رہے ہیں؟ جب ٹینکرز کے ذریعے پانی دستیاب ہے تو لائن کے ذریعے کیوں نہیں دیا جا رہا؟”
سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا کہ بعض ٹینکرز غیر قانونی ہائیڈرنٹس سے پانی لیتے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانونی یا غیر قانونی ذرائع سے، شہریوں کو پانی گھر تک پہنچنا چاہیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ٹینکر سسٹم کو بند کیا جائے اور شہریوں کو لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اس درخواست پر سخت فیصلہ کیا جائے گا۔


