بلدیہ ٹاؤن میں سر بمہر شادی ہال کی سیل توڑنے کا انکشاف، مبینہ رشوت کا سنگین الزام

کراچی(بولونیوز) بلدیہ ٹاؤن میں ایک سرکاری پلاٹ پر قائم سر بمہر شادی ہال کی سیل توڑے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے مارچ 2025 میں حب ریور روڈ پر ٹاؤن آفس کے قریب واقع زرگل سلور مارکی بینکوئیٹ کو غیر قانونی تعمیرات اور سندھ بلڈنگ کنٹرول قوانین کے سیکشن 7/A کے تحت سیل کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شادی ہال 2018 میں غیر قانونی طور پر سرکاری پلاٹ پر قبضہ کرکے قائم کیا گیا، جبکہ اس سے قبل 2014 میں ایم سی کے بعض افسران نے بھاری رشوت کے عوض اس پلاٹ کو آؤٹ آف لاء جا کر لیز دیا۔ اس غیر قانونی لیز کے خلاف انکوائری گزشتہ چار برس سے اینٹی کرپشن میں مبینہ طور پر پیسے کے بل بوتے پر التوا کا شکار ہے۔

ایس بی سی اے حکام کے مطابق شادی ہال بغیر کسی منظوری کے تعمیر کیا گیا تھا، جس پر متعدد نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم عدم تعمیل پر مارچ 2025 میں عمارت کو سیل کر دیا گیا۔ بعد ازاں انکشاف ہوا کہ ہال مالکان نے سیل توڑ کر دوبارہ شادی ہال چلا دیا۔

ذرائع نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ شادی ہال کی سیل 10 لاکھ روپے نذرانے کے عوض متعلقہ ایس بی سی اے افسر نے خود آ کر ہٹائی، تاہم بعد میں ذمہ داری ہال مالکان پر ڈال دی گئی۔

مقامی این جی او نے اعلان کیا ہے کہ شادی ہال کی غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری پلاٹ کی خلافِ ضابطہ لیز کے خلاف سندھ ہائیکورٹ اور اینٹی کرپشن کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *