موبائل فون شاپ پر طویل ڈکیتی،80 لاکھ کا سامان لوٹ لیا
کراچی(بولونیوز)شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم ایک بار پھر بے قابو ہو گیا ہے، ڈیفنس کے پوش علاقے بدر کمرشل میں موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی طویل واردات نے سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چار سے پانچ مسلح ملزمان ایک موبائل فون شاپ میں داخل ہوئے اور پورے دس منٹ تک اطمینان سے دکان لوٹتے رہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان اسلحے کے زور پر اسٹاف کو کاؤنٹر سے ہٹا کر الماریوں اور ڈسپلے ریک سے قیمتی اسمارٹ فونز نکالتے رہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان تقریباً 70 سے 80 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور دیگر اشیاء لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔ واردات کے دوران کسی قسم کی مزاحمت یا فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم اب تک ملزمان کی گرفتاری یا ریکوری کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس آہنی گرفت والے کمرشل ایریا میں دن دہاڑے ہونے والی اس طویل ڈکیتی نے بتا دیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کوئی خوف نہیں رہا۔


