کراچی میں واٹر ٹینکرز کے لیے بارکوڈ سسٹم متعارف، غیر قانونی ٹینکر مافیا کے خلاف بڑا اقدام
کراچی(بولونیوز)مرتضیٰ وہاب نے شہرِ قائد میں پانی کی ترسیل کو شفاف بنانے اور غیر قانونی ٹینکر مافیا کے خاتمے کے لیے تمام رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز پر بارکوڈ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے میئر کراچی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب شہری بارکوڈ اسکین کر کے فوری طور پر یہ معلوم کر سکیں گے کہ پانی فراہم کرنے والا ٹینکر قانونی ہے یا غیر قانونی۔ ان کے مطابق شہر میں چلنے والے تمام رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز پر بارکوڈ نصب کر دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بارکوڈ اسکین کرنے سے ٹینکر، ڈرائیور، روٹ، فٹنس اور پانی کے منبع سمیت مکمل تفصیلات سامنے آ جائیں گی، جبکہ ہر رجسٹرڈ ٹینکر کی شناخت، ڈرائیور کی تصویر اور شناختی معلومات کی بھی تصدیق ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی واٹر ٹینکر مافیا کے خاتمے کے لیے جدید بارکوڈ ٹریکنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد غیر رجسٹرڈ ٹینکرز کی نشاندہی اور پانی کی ترسیل میں شفافیت لانا ہے۔ میئر کراچی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں میں آنے والے ٹینکر کا بارکوڈ لازمی اسکین کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی نشاندہی متعلقہ اداروں کو کریں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی غیر قانونی واٹر سپلائی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، اور یہ نظام شہریوں کو موبائل فون پر ہی رجسٹرڈ ٹینکرز کی مکمل معلومات فراہم کرے گا، جو پانی کے بحران پر قابو پانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


