یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں سویڈن کی وزیر اپنے نومولود بچے کے ساتھ شریک
برسلز(بولونیوز)یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں اُس وقت ایک منفرد اور دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا جب سویڈن کی وزیرِ ماحولیات رومینا پورموختاری اپنے تین ماہ کے بیٹے ایڈم کو ساتھ لے کر اجلاس میں شریک ہوئیں۔
رومینا پورموختاری نے اجلاس سے خطاب بھی کیا اور ساتھ ہی اپنے نومولود بچے کی دیکھ بھال بھی کرتی رہیں، جس نے اجلاس میں موجود شرکا کی خاص توجہ حاصل کی۔
سویڈش وزیر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس اقدام کے ذریعے یہ واضح پیغام دینا چاہتی تھیں کہ والدین، بالخصوص خواتین، کو ایسی پالیسیاں دستیاب ہونی چاہئیں جو انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور خاندانی زندگی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین بیک وقت کامیاب پیشہ ورانہ زندگی اور خاندانی ذمہ داریاں نبھا سکتی ہیں، بشرطیکہ انہیں ایسا شریکِ حیات میسر ہو جو ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھتا ہو۔
یورپی یونین کونسل کے ایک عہدیدار کے مطابق دستیاب معلومات کی روشنی میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی شیر خوار بچے نے یورپی یونین کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی ہو۔
واضح رہے کہ 30 سالہ رومینا پورموختاری نے 2022 میں وزارت سنبھالی تھی اور وہ سویڈن کی تاریخ کی کم عمر ترین وزیر بھی ہیں۔


