یورپ میں شدید گرمی کی لہر، ہلاکتیں دو ہزار سے تجاوز کر گئیں
میڈرڈ(بولونیوز)اسپین میں شدید گرمی کے باعث مرنے والوں کی تعداد 338 ہو گئی ہے، جبکہ فرانس میں 148 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسی طرح بیلجیئم میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 43 بتائی گئی ہے۔
یورپ کے بیشتر ممالک میں شدید گرمی کے باعث مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 9 ہزار سے زائد افراد کو ہیٹ اسٹروک اور دیگر بیماریوں کے باعث اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
یورپ بھر میں جھلسا دینے والی گرمی کا راج برقرار ہے اور درجہ حرارت 44 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانیہ، پرتگال، اٹلی، فرانس، بیلجیئم اور اسپین سمیت یورپ کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔


