وزیراعظم شہباز شریف نے “اپنا گھر سکیم” کا باضابطہ اجرا کر دیا

اسلام آباد(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے “وزیراعظم اپنا گھر سکیم” کا باضابطہ اجرا کرتے ہوئے اہل افراد میں قرض کے چیک تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان اور سہل شرائط پر فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا۔
وزیراعظم نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو چھت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ایک اہم فریضہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کا ابتدائی ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض فراہم کرنا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق آئندہ چار برسوں میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سکیم سے نہ صرف عام شہریوں کو فائدہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سکیم کے تحت 10 مرلے تک کی زمین پر گھر تعمیر کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے، جبکہ وہ خود اس منصوبے کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کریں گے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بینکوں اور دیگر شراکت دار اداروں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور اس سکیم کو کامیاب بنانے والے اداروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *