Category: پاکستان

  • سابق چیئرمین لیاری ٹاؤن ناصر کریم بلوچ کا پیپلز پارٹی سے بھی استعفیٰ

    کراچی(بولونیوز) حال ہی میں لیاری ٹاؤن کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والے ناصر کریم بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

    ناصر کریم بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی لیاری کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث عوام آج بھی بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پارٹی کے اندر نااہل اور بدعنوان عناصر کی نشاندہی کی، تاہم اصلاحی اقدامات کے بجائے ان کے خلاف ہی انضباطی کارروائی کی گئی۔

    ناصر کریم بلوچ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں وہ مزید پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ نہیں رہ سکتے، اس لیے انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آزاد حیثیت میں رہ کر عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے یونین کونسل کے وائس چیئرمین کے عہدے سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ ناصر کریم بلوچ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لیاری ٹاؤن کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے گزشتہ ماہ ٹاؤن چیئرمین کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • سعود آباد سے اغوا ہونے والا 11 سالہ بچہ 9 گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب

    کراچی(بولونیوز) سعود آباد سے اغوا ہونے والے 11 سالہ بچے خضر دانش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محض 9 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

    ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس متحرک ہوگئی اور ملزمان کی گاڑی کا نمبر ٹریس کرکے ان کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے ایک مشتبہ ٹھکانے پر چھاپہ بھی مارا، تاہم معلوم ہوا کہ ملزمان وہاں سے مکان تبدیل کر چکے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے ملزمان کا تعاقب جاری رکھا۔ جب پولیس نے ملزمان کا گھیرا تنگ کیا تو وہ گرفتاری کے خوف سے مغوی بچے کو ماڈل ٹاؤن میں ایک معروف اسٹور کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان کی شناخت اور دیگر تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ واقعے کے تمام حقائق جاننے کے لیے بچے کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔

    پولیس کو دی گئی درخواست میں بچے کے والد ریاض نے بتایا کہ رات تقریباً 1:45 بجے ان کے ایک بیٹے کے انتقال پر گھر میں قرآن خوانی جاری تھی۔ اسی دوران ان کے دو بیٹے اور بھانجی سامان خریدنے کے لیے باہر گئے، جہاں سلور رنگ کی ایک گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے 11 سالہ خضر دانش کو زبردستی اغوا کر لیا۔

    درخواست کے مطابق اہل خانہ نے ملزمان کی گاڑی کا تعاقب بھی کیا، تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز ایس ایس پی ساؤتھ کا پولیو کیمپس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

    کراچی(بولونیوز) انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے ضلع بھر کے مختلف پولیو کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران ایس ایس پی ساؤتھ نے ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں پولیو ٹیموں، والدین اور بچوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

    ایس ایس پی مہزور علی کی ہدایات پر انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع ساؤتھ میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے مختلف مقامات پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، جبکہ گشت اور دیگر حفاظتی اقدامات کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ مہم پرامن ماحول میں کامیابی سے جاری رہ سکے۔

    اس موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ معاشرے کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • کمبوڈیا کے مبینہ آن لائن فراڈ نیٹ ورک سے تعلق پر خاتون مسافر جناح ایئرپورٹ سے آف لوڈ

    کراچی(بولونیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے سری لنکا جانے والی ایک خاتون مسافر کو مشکوک سفری حالات کے باعث آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ کی شناخت فاطمہ ساجد دختر ساجد وحید، سکنہ لاہور، کے طور پر ہوئی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک حالات سامنے آنے پر انہیں تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے روکا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق دورانِ تفتیش مسافرہ نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے کمبوڈیا میں چینی شہریوں کے زیرِ انتظام مبینہ آن لائن اسکیمنگ نیٹ ورک میں کام کر چکی ہے۔ اس نے بتایا کہ ملازمت کا جھانسہ دے کر اس سے دو لاکھ روپے وصول کیے گئے جبکہ ویزا اور ٹکٹ کا انتظام بھی اسی گروہ نے کیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق مسافرہ نے اعتراف کیا کہ جعلی AliExpress پلیٹ فارم اور Telegram کے ذریعے مصری شہریوں کو سرمایہ کاری کے نام پر مبینہ آن لائن فراڈ کا نشانہ بنایا جاتا تھا، جبکہ چینی آپریٹرز اہداف مکمل ہونے پر تنخواہ اور کمیشن ادا کرتے تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافرہ نے یہ بھی بتایا کہ اس نے کمپنی میں ہیومن ریسورسز (HR) کی ذمہ داریاں انجام دیں اور متعدد پاکستانی شہریوں کو بھی اسی کمپنی میں بھرتی کیا۔ مزید برآں اس نے بیان دیا کہ اس کا ایک دوست وکٹر اسے سری لنکا بلا رہا تھا، جہاں اسی نوعیت کی ایک آن لائن اسکیمنگ کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ کے موبائل فون کے تجزیے سے مبینہ آن لائن فراڈ، جعلی پلیٹ فارمز، ٹیلیگرام چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں انسانی اسمگلنگ، بین الاقوامی سائبر فراڈ اور منظم ٹرانس نیشنل جرائم سے ممکنہ روابط سامنے آئے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • سمندر میں گرنے والے کارگو طیارے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری، مزید ملبہ برآمد

    کراچی(بولونیوز) سمندر میں گرنے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن گہرے سمندر میں بدستور جاری ہے۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کے مزید پرزے اور ملبہ سمندر سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ برآمد ہونے والے پرزے تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

    پی اے اے کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لاپتا عملے کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری وسائل بھرپور انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور اس حوالے سے ہونے والی مزید پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

  • اداکار منیب بٹ کے مقدمے کا عبوری چالان پیش، پولیس نے بیگناہ قرار دے دیا

    کراچی(بولونیوز) اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) نے اداکار منیب بٹ سے متعلق مقدمے کا سات صفحات پر مشتمل عبوری چالان عدالت میں پیش کر دیا، جس میں اداکار کو بیگناہ قرار دیا گیا ہے۔

    عبوری چالان کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مدعی محمد متعال کو اغوا کرکے اس سے 24 لاکھ 94 ہزار روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی اور دیگر سامان لوٹا۔ چالان میں بتایا گیا ہے کہ منیب بٹ پر ملزمان کو مری میں رہائش دلوانے کا الزام تھا، تاہم تحقیقات میں ان کے خلاف شواہد نہ ملنے پر انہیں بیگناہ قرار دیا گیا۔

    پراسیکیوشن کے مطابق چالان میں پولیس اہلکار غالب کو مفرور جبکہ ملزمان شاہد ستار، محمد سلیم، علیم اور وزیر محمد کو گرفتار ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح منیب بٹ، محسن راجپر اور عبدالرحمن چانڈیو ضمانت پر ہیں۔

    چالان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے 23 اپریل کو شارع فیصل سے محمد متعال کو اغوا کیا اور کرپٹو کرنسی و دیگر سامان لوٹنے کے بعد مدعی کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوڑ دیا تھا۔

  • منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف چھ مقدمات میں فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

    کراچی(بولونیوز) گزری تھانے میں درج منشیات کے چھ مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کر دی۔

    جیل ذرائع کے مطابق عدالت کے حکم پر چھ مقدمات کے چالان اور گواہان کے بیانات کی نقول ملزمہ کو جیل میں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ عدالتی عملے نے یہ دستاویزات ذاتی طور پر ملزمہ تک پہنچائیں۔

    عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف یہ مقدمات 2020، 2021 اور 2022 کے دوران درج کیے گئے تھے اور وہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈن تھانے کے ایک مقدمے میں گرفتاری کے بعد ملزمہ کو ان تمام مقدمات میں بھی باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • سید ناصر حسین شاہ کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، سید کمیل حیدر شاہ

    سکھر(بولونیوز) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے سید کمیل حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سید ناصر حسین شاہ بالکل خیریت سے ہیں اور ان کے آئی سی یو میں ہونے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سید ناصر حسین شاہ معمول کے طبی معائنے اور پہلے سے طے شدہ طبی پروسیجر کے لیے ابوظہبی گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ پروسیجر کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔

    سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سید ناصر حسین شاہ چند روز میں پاکستان واپس آ جائیں گے اور پہلے کی طرح عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں، جبکہ دعاؤں، فون کالز اور نیک تمناؤں پر تمام خیرخواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • وفاقی حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق حکومتی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نئی قیمتوں کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • ایم کیو ایم ایک ہی ہے، ایم کیو ایم لندن کی کوئی عوامی بنیاد نہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی(بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ایک ہی ہے اور وہ ایم کیو ایم پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایم کیو ایم لندن کی نہ کوئی بنیاد ہے اور نہ ہی کوئی عوامی مقبولیت۔

    مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عوامی خدمت اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہے اور پارٹی اپنی پالیسیوں کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔