Category: پاکستان

  • جیٹ فیول کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ رد و بدل کے بعد جیٹ فیول (Jet Fuel) کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 251 روپے 2 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت میں اضافے سے فضائی آپریشنز کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں مستقبل میں فضائی کرایوں پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔حکومت کی جانب سے اس اضافے کے حوالے سے باضابطہ مؤقف یا تفصیلی وضاحت تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔

  • کارگو طیارے کا بلیک باکس تاحال نہ مل سکا، تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

    کراچی(بولونیوز) بلوچستان کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کی تحقیقات کے سلسلے میں اسلام آباد سے تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے، جس نے طیارے کے مینٹیننس ریکارڈ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

    تحقیقاتی حکام نے سمندر سے برآمد ہونے والے ملبے کا معائنہ بھی کیا، جبکہ طیارے کا مزید ملبہ بھی نکال لیا گیا ہے۔ تاہم حادثے کے اہم شواہد میں شمار ہونے والا بلیک باکس تاحال برآمد نہیں ہو سکا۔

    حکام کے مطابق لاپتا عملے کے پانچوں ارکان کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ نجی کارگو کمپنی کا طیارہ گزشتہ منگل کی شب شارجہ سے کراچی آتے ہوئے بلوچستان کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا، جس میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، عامر نواز وڑائچ صدر منتخب

    کراچی(بولونیوز) کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدارتی نشست پر عامر نواز وڑائچ 2063 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہو گئے، جبکہ جی ایم کورائی 948 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    نائب صدر کی نشست پر عزیر غوری 893 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ نذیر شر 805 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    سیکریٹری کی نشست پر ارشد شر 1370 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے، جبکہ غلام رحمان کورائی 1197 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    اسی طرح جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر ریاض کورائی 1520 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ ناظم چنہ 729 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ نومنتخب عہدیداروں نے وکلا برادری کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بار کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

    لاہور(بولونیوز) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی مختلف نوعیت کی شکایات سن کر متعلقہ پولیس افسران کو فوری اور قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

    کھلی کچہری میں فراڈ، لین دین، وراثتی جائیداد، تشدد، ہراسگی، دھمکیوں اور دیگر شہری مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کی گئیں۔ وراثتی جائیداد کے تنازع پر ایس ایچ او گجرپورہ کو حقائق کی تصدیق کر کے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا گیا۔

    اسی طرح لین دین اور گروی رکھے گئے مکان کی رقم میں مبینہ خرد برد کی شکایات پر ایس پی سول لائنز اور ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو شفاف انکوائری کر کے قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ تشدد، ہراسگی اور دھمکیوں کی شکایت پر ایس ایچ او چوہنگ کو متاثرہ شہری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہدایت کی کہ تمام شکایات قانون اور میرٹ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنائیں۔

  • آئی ایم ایف آئندہ 14 ماہ میں پاکستان کو مزید 3.6 ارب ڈالر فراہم کرے گا

    اسلام آباد(بولونیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آئندہ 14 ماہ کے دوران پاکستان کو مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ رقم جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (RSF) پروگرامز کے تحت دی جائے گی۔

    دستاویزات کے مطابق دونوں پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے، جن میں سے پاکستان کو اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 3 ارب 60 کروڑ ڈالر آئندہ 14 ماہ کے دوران مختلف مراحل میں جاری کیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرامز کا اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا مشن چوتھے اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔

    اقتصادی ماہرین کے مطابق آئندہ جائزے میں مالیاتی اصلاحات، ٹیکس وصولیوں، توانائی کے شعبے اور دیگر معاشی اہداف پر پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر قرض کی آئندہ قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • نسلہ ٹاور فیصلہ آئین، انصاف اور عوامی حقوق کی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار

    کراچی(بولونیوز) مزدور رہنما لیاقت علی ساہی نے فیڈرل آئینی عدالت کی جانب سے نسیلہ ٹاور سے متعلق حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے آئین، انصاف اور عوامی حقوق کی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ متاثرہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور عدالتی نظام پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک مثبت اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی تعمیراتی منصوبے میں قانونی یا انتظامی بے ضابطگیاں ہوئی ہوں تو اس کی ذمہ داری متعلقہ سرکاری اداروں پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ ان شہریوں پر جنہوں نے اپنی جائز کمائی سے رہائشی فلیٹس خریدے۔

    لیاقت علی ساہی نے کہا کہ اسی اصول کو محنت کشوں کے حقوق پر بھی لاگو کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2017 میں تھرڈ پارٹی ورکرز سے متعلق دیا گیا عدالتی فیصلہ تاحال مکمل طور پر نافذ نہیں ہو سکا، جس کے باعث لاکھوں کنٹریکٹ اور تھرڈ پارٹی ملازمین مستقل ملازمت اور دیگر قانونی حقوق سے محروم ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈرل آئینی عدالت آئینِ پاکستان اور ایمپلائمنٹ (اسٹینڈنگ آرڈرز) آرڈیننس 1968ء کے مطابق تمام سرکاری، نیم سرکاری، خودمختار اور نجی اداروں کو پابند کرے کہ مسلسل 90 روز ملازمت مکمل کرنے والے کارکنوں کو مستقل ملازم تصور کرتے ہوئے انہیں مستقل ملازمین کے مساوی تمام مالی، سروس اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں۔

    مزدور رہنما نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور متعلقہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف قانون سازی تک محدود نہ رہیں بلکہ آئین، لیبر قوانین اور عدالتی فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد بھی یقینی بنائیں تاکہ محنت کشوں کے استحصال کا خاتمہ ہو اور ملک میں قانون کی حقیقی حکمرانی قائم ہو۔

  • بحیرۂ عرب میں گرنے والے کارگو طیارے کے عملے کی تلاش جاری، مزید ملبہ مل گیا

    کراچی(بولونیوز) پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ بحیرۂ عرب میں گرنے والے کارگو طیارے کے عملے کی تلاش کا آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ طیارے کا مزید ملبہ بھی تلاش کر لیا گیا ہے۔

    پی اے اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی گہرے سمندر میں مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ لاپتا عملے کو تلاش کیا جا سکے۔

    حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ طیارے کے مزید ملبے کی برآمدگی کے بعد حادثے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • شابان میں مشترکہ آپریشن، 48 گھنٹوں میں مزید 39 دہشت گرد ہلاک ہونے کا دعویٰ

    کوئٹہ(بولونیوز) سکیورٹی حکام کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں جاری بڑے مشترکہ آپریشن کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں مزید 39 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس پر مشتمل سکیورٹی فورسز 5 جولائی سے شابان کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ان دہشت گردوں کے خلاف کی جا رہی ہے جو مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن پر قائم پولیس چوکی پر حملے میں 27 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

  • سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، مزید 11 دہشت گرد ہلاک ہونے کا دعویٰ

    کوئٹہ(بولونیوز)سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں جاری آپریشن کے دوران مزید 11 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد 5 جولائی سے اب تک مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 90 ہو گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے صوبے میں این-25 کراسنگ کے قریب انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی (آئی بی او) کرتے ہوئے مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز امن و امان کی بحالی کے لیے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

  • بنگلہ دیش سے آئے صحافی اوریونیورسٹی کے پروفیسرز پر مشتمل وفد کا کراچی پریس کلب کا دورہ

    کراچی(بولونیوز) بنگلہ دیش سے آئے ہوئے سینئر صحافی اور یونیورسٹی کے پروفیسرز پر مشتمل معزز وفد نے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی دعوت پر کراچی پریس کلب کا دورہ کیا،اس موقع پر وفد کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے عہدیداروں اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان چشتی نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کے دورے کو دونوں ملکوں کی صحافی برادری کے درمیان تعلقات کو خوش آئند قراردیا، تقریب کے دوران دونوں ممالک کے صحافیوں اور ماہرینِ تعلیم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان صحافتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی روابط، علمی تبادلوں اور پیشہ ورانہ تعاون سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آسکتے ہیں۔بنگلہ دیشی وفد نے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے تبادلہ جاتی دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے، جس سے دونوں ممالک کے صحافیوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔تقریب میں کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع ، ممبر گورننگ باڈی شیما صدیقی، سینئر صحافیوں احمد حسن ، عامر لطیف، طارق ابوالحسن، امجد ارشاد، جسارت کے چیف آپریٹنگ آفیسر طاہر اکبر، جاوید باسط، ریاض ساگر، عامر اشرف،محمد منصف ، وکیل الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے