کراچی (بولونیوز) خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ خواتین پر تشدد کسی بھی معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ ریاست و معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تشدد کے خاتمے، انصاف کی فراہمی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کراچی (بولونیوز) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ خواتین پر تشدد صرف جرم نہیں بلکہ معاشرتی پسماندگی کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہر مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور تشدد کے خاتمے کے لیے اجتماعی جدوجہد ضروری ہے۔
اسلام آباد (بولونیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شفافیت کو یقینی بنانے اور جعلی نوٹسز کے استعمال کو روکنے کے لیے دستی طور پر دستخط شدہ نوٹسز کا اجرا بند کر دیا ہے۔ اب ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت تمام نوٹس صرف الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے جاری کیے جائیں گے اور ہر نوٹس پر ایک منفرد QR کوڈ ہوگا۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ QR کوڈ کے بغیر کسی بھی نوٹس کو مشکوک سمجھیں اور فوری طور پر complaint@fia.gov.pk پر رپورٹ کریں۔ یہ اقدام سرکاری مواصلات میں اعتماد بڑھانے کے لیے ہے۔
کندھ کوٹ (بولونیوز) ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں زنگ آلود راکٹ گولے کے پھٹنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ بچے 9 سے 12 سال کی عمر کے تھے اور گولے کو ناکارہ سمجھ کر کھیل رہے تھے۔
کراچی (بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا ہے کہ تمام سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا، کیونکہ یہ شہربنیادی طورپرہم سب کا ہے اور جب کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین لائن پروجیکٹ ایکسٹینشن پروگرام کےسنگ بنیاد کےموقع پر منعقدہ ایک اہم بریفنگ میں کیا، جس میں پی آئی ڈی سی ایل کی جانب سے گرین لائن منصوبے کے ایکسٹینشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں سید امین الحق کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی، اراکین قومی اسمبلی ارشد وہرہ،صبحین غوری اورڈپٹی پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی طہٰ احمد خان شامل تھے۔پی آئی ڈی سی ایل کے نمائندے نے متحدہ وفد کو بتایا کہ گرین لائن منصوبے کا وہ حصہ جو سرجانی سے مارکیٹ ٹاور تک جانا تھا، نمائش تک 21.5 کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے،اوراسکی ایکسٹینشن(نمائش تا عید گاہ گراونڈ)کی تکمیل کی نئی اورحتمی تاریخ 31 اکتوبر 2026ء مقرر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم منصوبے کے لیے درکار تمام ساڑھے پانچ ارب روپے کے فنڈز پی آئی ڈی سی ایل کے پاس موجود ہیں، لہٰذا اب کسی قسم کی مالی یا انتظامی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہو گا۔ سید امین الحق نے بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے شہریوں کے ٹریفک اور تعمیرات کے بعد روڈز، ڈریج سسٹم اور فٹ پاتھوں کی بحالی کے حوالے سے اٹھائے گئے تمام تحفظات کو سراہا اور کہا کہ ایم کیو ایم اس شہر کے میئر کو بااختیار بنانے کے لئے روز اول سے متحرک ہے، یہی وجہ ہے کہ پی آئی ڈی سی ایل نے نہ صرف انہیں تسلیم کیا ہے بلکہ ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وفاقی ادارے جیسے پی ڈبلیو ڈی، این ایل سی، واپڈا اور ایف ڈبلیو او کی طرح پی آئی ڈی سی ایل کو بھی شہر میں کام کرتے ہوئے کے ایم سی کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے وفاق کی جانب سے کراچی کے بڑے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کے فور منصوبہ پر 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے 2026ء تک پایہ تکمیل تک پہنچا کر شہریوں کو پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان وفاق سے جدوجہد کے بعد کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لیے 25 ارب روپے کے فنڈز لا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا اصولی مطالبہ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں اور آرٹیکل 140-A کے تحت کراچی کے میئر کو بھی وہی مکمل اختیارات اور وسائل ملنے چاہئیں جو دنیا دیگر بڑے شہروں کے سربراہان کو میسر ہیں، پروگرام میں میئر کراچی مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور کے ایم سی کے حکام بھی موجود تھے۔
اسلام آباد (بولونیوز) ایمان زینب مزاری اور ہادی علی چھٹہ کے متنازعہ ٹویٹ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔ اسٹیٹ کونسل نے گواہان پر جرح کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تیاری کا مناسب وقت نہیں دیا گیا۔ عدالت نے فیئر ٹرائل کے حق میں اس کی تائید کی۔
کراچی (بولونیوز) قطری شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن ثانی کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں سندھ کے پانی اور زرعی شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔ قطری وفد کے سندھ کے دورے کے دوران دونوں طرف سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کے مواقع پر تبادلہ خیال ہوا۔
راولپنڈی (بولونیوز) پی ٹی آئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 25 نومبر کو اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی فیملی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ پارٹی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ان کی فیملی کا آئینی، قانونی اور انسانی حق ہے۔
اسلام آباد (بولونیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔ ای سی پی نے پیمرا سے اس بیان کا ٹرانسکرپٹ طلب کر لیا ہے اور ٹرانسکرپٹ کی جانچ کے بعد قانونی کارروائی کرے گا۔
گلگت بلتستان (بولونیوز) اسمبلی آج رات 12 بجے تحلیل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو نگران وزیراعلیٰ کے لیے مصطفیٰ مدنی راوٹ، محمد علی قائد اور راجہ نظیم کے ناموں پر مشتمل سمری ارسال کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔